Wednesday, April 24, 2024

برطانیہ کے وزیرخارجہ جیرمی ہنٹ نے ایران سے آئل ٹینکر کو چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا

برطانیہ کے وزیرخارجہ جیرمی ہنٹ نے ایران سے آئل ٹینکر کو چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا
July 21, 2019
لندن (92 نیوز) برطانیہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے ایران سے فوری طور پر آئل ٹینکر کو چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں بحران کسی طور پر ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ پہلے امریکا ایران تنازع اور اب برطانیہ ایران تنازع نے خطے کے امن کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے جبکہ برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر برطانوی جہاز سٹینا امپرو پر اپنے غیر قانونی قبضے کو ختم کرے۔ جیرمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ اس اقدام نے آبنائے ہرمز میں برطانوی اور بین الاقوامی جہاز رانی کی سیکورٹی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔ اپنے ایرانی ہم منصب سے فون پر بات چیت کے بعد جیرمی ہنٹ نے کہا ایران اس صورتحال کو ادلے کا بدلہ کے طور پر دیکھتا ہے ، جب کچھ وقت پہلے ایک ایرانی ٹینکر کو جبرالٹر میں قبضے میں لیا گیا تھا جب کہ سٹینا امپرو کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ بندر عباس کی بندرگاہ پر اپنے 23 رکنی عملے تک رسائی چاہتے ہیں۔ ایران نے برطانیہ کے تیل بردار بحری جہاز پر فلمی انداز میں کئے گئے قبضے کی ویڈیو جاری کی ہے۔ پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر سے اتر کر جہاز پر قبضہ جمایا پھر کشتیوں کے حصار میں اسے ایرانی ساحل تک پہنچایا گیا۔