Friday, April 26, 2024

برطانیہ کے عام انتخابات میں 15 سے زائد سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں

برطانیہ کے عام انتخابات میں 15 سے زائد سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں
December 12, 2019
لندن ( 92 نیوز) برطانیہ کے عام انتخابات کا دنگل سج گیا ، ملک بھر سے 15 سے زائد سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ برطانیہ کے عام انتخابات کا دنگل سج گیا ہے جہاں ووٹنگ کا عمل جاری ہے ،  انتخابی دنگل میں 15 سے زائد سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار اپنے اپنے منشور کے ساتھ مقابلہ لڑ رہے ہیں ، ان میں سے اہم ترین جماعتیں کنزریٹو پارٹی، لیبر پارٹی، لبرل ڈیمو کریٹس اور سکاٹش نیشنل پارٹی ہیں، جو ملکی سیاست کا رخ بدل سکتی ہیں۔ پولز کے مطابق کنزریٹو پارٹی ، جس کی قیادت بورس جانسن کر رہے ہیں، جیرمی کوربن کی لیبر پارٹی سے فی الحال آگے ہے  لیکن  دونوں جماعتوں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ پچھلی پارلیمان میں کنزریٹو پارٹی کے 298 سیٹیں تھیں جب کہ لیبر پارٹی کی 243 سیٹیں تھیں۔ اسکاٹ لینڈ کی اسکاٹش نیشنل پارٹی جس کی قیادت نکولا سٹرجیون کے پاس ہے، سیاسی منظر نامے پر اہم مقام رکھتی ہے۔ آج کے انتخابات میں اس جماعت کے بہتر کارکردگی دکھانے کے امکانات ہیں۔  اسکاٹ لینڈ میں کنزریٹو پارٹی اور لیبر پارٹی دونوں کے سیٹیں ہارنے کا امکان ہے۔ پچھلی پارلیمان میں اس جماعت کی 35 سیٹیں تھیں۔ چوتھی اہم ترین سیاسی جماعت لبرل ڈیمو کریٹ ہے جس کی  پچھلی پارلیمان میں 21 سیٹیں تھیں۔ اس جماعت کی قیادت بھی خاتون رہنما  جو سِونسن کے پاس ہے۔ ان انتخابات میں اس جماعت کی سیٹوں میں اضافے کا امکان ہے۔