Friday, April 19, 2024

برطانیہ کے سفیر برائے امریکا سر کم ڈیرک اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہو گئے

برطانیہ کے سفیر برائے امریکا سر کم ڈیرک اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہو گئے
July 10, 2019
 لندن (92 نیوز) برطانیہ کے سفیر برائے امریکا سر کم ڈیرک اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہو گئے۔ سر کم ڈیرک کو ٹرمپ نے نہایت بیوقوف شخص قرار دیا تھا جبکہ سر کم نے اپنی میلز میں ٹرمپ انتظامیہ کو نااہل اور ناکارہ کہا تھا۔ میلز لیکس کا معاملہ برطانیہ کے سفیر برائے امریکا سر کم ڈیرک کے استعفیٰ پر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ برطانیہ کے دفتر خارجہ کے نام اپنے خط میں سر کم ڈیرک کا کہنا ہے کہ وہ قیاس آرائیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں، میلز لیک نے ان کا کام کرنا ناممکن بنا دیا ہے۔ برطانیہ کی وزیر اعظم ٹریزا مے کا کہنا ہے کہ یہ نہایت افسوس ناک ہے کہ سر کم ڈیرک کو استعفیٰ دینے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ سر کم نے اپنی ساری عمر برطانیہ کی خدمت میں گزاری ہے اور ہم ان کے قرض دار ہیں۔ برطانیہ کے دفتر خارجہ نے بھی اپنے سفیر کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مستقل انڈر سیکرٹری سر سائمن میکڈونلڈکا کہنا ہے کہ سر کم نے اپنے طویل اور شاندار کیریر میں عزت اور ذمہ داری سے کام کیا ہے۔ سرکم ڈیرک کی میلز لیک ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں نہایت بیوقوف شخص قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے اپنے سفیر کی حمایت کرنے پر برطانوی وزیر اعظم کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔