Saturday, April 27, 2024

برطانیہ کے 343 سکالرز نے اسرائیلی تعلیمی اداروں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا

برطانیہ کے 343 سکالرز نے اسرائیلی تعلیمی اداروں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا
October 28, 2015
لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کے سینکڑوں ماہرین تعلیم نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل میں فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مخالفت میں اسرائیلی تعلیمی اداروں کا بائیکاٹ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار دی گارڈین میں 72 تعلیمی اداروں کے 343 ماہرین تعلیم کے دستخط کے ساتھ یہ اعلان شائع ہوا ہے جسے فلسطینیوں کے حقوق کے لیے برطانوی سکالرز کے عہد کا نام دیا گیا ہے۔ اس اعلان میں کہا گیا ہے ہم لوگ فلسطینی زمین پر اسرائیل کے ناجائز قبضے اور اس مسئلے کے ممکنہ حل کی اسرائیل مخالفت سے بہت پریشان ہیں۔ اس کے تحت انسانی حقوق کی ناقابل برداشت پامالی ہو رہی ہے اور اس سے فلسطین میں تمام شعبے کے افراد متاثر ہیں۔ ماہرین تعلیم اور سکالرز کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کے تعلیمی اداروں سے ملنے والے دعوت ناموں کو قبول نہیں کریں گے اور ان کے زیراہتمام منعقد کیے جانے والے کسی پروگرام میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ اس وقت تک بائیکاٹ پر قائم رہیں گے جب تک اسرائیل پوری طرح عالمی قانون کو نہیں مانتا اور انسانی حقوق کے آفاقی اصول کا پاس نہیں رکھتا۔ اس بائیکاٹ کے ترجمان اور لندن سکول آف اکانومکس کے جوناتھن روزین ہیڈ نے کہا کہ اسرائیل کی یونیورسٹیاں بین الاقوامی قوانین کی پامالیوں اور فلسطینیوں پر جبر و ظلم میں پیش پیش ہیں۔