Thursday, March 28, 2024

برطانیہ نے پاکستانیوں کی غیرقانونی جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کر دیں

برطانیہ نے پاکستانیوں کی غیرقانونی جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کر دیں
October 31, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) برطانیہ نے پاکستا نیوں کی غیرقانونی جائیدادوں کی تفصیلات  فراہم کردیں، پہلے مرحلے میں ایسے افراد کا ڈیٹا سامنے لایا گیا جن کی برطانیہ میں تو جائیدادیں ہیں  لیکن پاکستان میں کوئی ذریعہ آمدن نہیں ہے۔ برطانیہ میں غیرقانونی طور پر جائیدادیں بنانے والوں کا حساب دینے کا وقت آگیا ،پاکستان اور برطانیہ کے ٹیکس اتھارٹیز میں اہم معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت ایک دوسرے ملک میں ٹیکس ادا کئے بغیر جائیدادیں چھپانے والے پکڑے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں ان افرادکے نام سامنے لائے گئے جن کا پاکستان میں تو کوئی ذریعہ آمدن نہیں لیکن برطانیہ میں بہت سی جائیدادیں ہیں۔ ان میں زیادہ تر افراد اہم سیاستدانوں کے ملازمین ہیں، اس بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ کئی افراد ایسے بھی ہیں جنہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کے نام کس ملک میں کتنی جائیدادیں ہیں، انہوں نے صرف اپنے صاحب کے کہنے پر دستخط کررکھے ہیں۔ جولوگ برطانیہ میں رہ کر کم آمدنی ظاہر کرکےحکومتی مفادات حاصل کرتے ہیں وہ بھی اس نرغے میں آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت چند روز میں ایسے افراد کی فہرست شائع کرے گی  جن کی بیرون ملک قیمتی جائیدادیں ملازمین اور رشتہ داروں کے نام پر ہیں اور بیرون ممالک سے لاکھوں پاؤنڈ کرایہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوتا ہے۔