Saturday, April 27, 2024

برطانیہ میں ہونے والی پاکستان اور بھارت کی ویٹرن ہاکی سیریز ملتوی

برطانیہ میں ہونے والی پاکستان اور بھارت کی ویٹرن ہاکی سیریز ملتوی
May 6, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان ہاکی کے سابق لیجنڈ کھلاڑیوں میں سے نو کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا جس کے باعث برطانیہ میں ہونے والی پاکستان اور بھارت کی ویٹرن ہاکی سیریز ملتوی ہو گئی ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاک بھارت ویٹرن ہاکی سییریز کیلئے بھارتی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کوئی خط موصول نہیں ہوا کہ بھارتی ویٹرن ہاکی کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوں گے جو ویزے نہ دینے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ دوسری طرف بھارت ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بھی اپنے ویٹرنز کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ریحان بٹ، محمد ثقلین سمیت نو کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار کیا گیا ہے۔ پاک بھارت ویٹرن ہاکی سیریز کے تین میچز تیرہ، چودہ اور پندرہ مئی کو کھیلے جانے تھے جس کی میزبانی انگلینڈ کے مقامی ہاکی کلب نے کرنا تھی۔