Friday, May 10, 2024

برطانیہ میں کورونا کی تباہ کاریاں ، بورس جانسن نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن لگا دیا

برطانیہ میں کورونا کی تباہ کاریاں ، بورس جانسن نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن لگا دیا
January 5, 2021

لندن (92 نیوز) برطانیہ میں کورونا کی نئی لہر سے تباہ کاریاں جاری ہیں۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن لگا دیا۔

بورس جانسن نے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی تلقین کرتے ہوئے بتایا کہ فروری کے وسط تک پرائمری اور سیکنڈری اسکول بند رہیں گے۔ غیر ضروری کاروباری مراکز، ریسٹورنٹس ،حجام اور بیوٹی سیلون، آوٹ ڈور ورزش، گولف کورٹس اور ٹینس کورٹس بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

لاک ڈاؤن کے دوران اجتماعی کھیلوں پر پابندی ہو گی۔ سیر و تفریح کے مراکز بند رہیں گے۔ شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔ پارک اور عبادت گاہیں کھلی رہیں گی لیکن اجتماعات پر پابندی ہو گی۔

بورس جانسن نے کہا کہ وائرس کے خلاف جدوجہد کے آخری مرحلے میں ہیں۔ لاک ڈاؤن کا فیصلہ سائنس دانوں اور ڈاکٹرز کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔

دوسری جانب اسکاٹ لینڈ میں بھی رات بارہ بجے سے دوسری بار مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہو جائے گا۔ لاک ڈاؤن میں ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہو گی۔ لوگوں کو صرف دوسرے گھر کے ایک فرد سے ملنے کی اجازت ہو گی۔ اسکول فروری تک بند رہیں گے۔

دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 8 کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ عالمی وبا اب تک 18 لاکھ 60 ہزار سے زائد زندگیوں کے چرغ گُل کر چکی ہے۔