Friday, April 19, 2024

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے ساٹھ ہزار 916 کیسز ریکارڈ

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے ساٹھ ہزار 916 کیسز ریکارڈ
January 6, 2021

لندن (92 نیوز) برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم نے تباہی مچا رکھی ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کی نئی قسم کے ساٹھ ہزار 916 کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں۔

وبا پھوٹنے کے بعد پہلی بار برطانیہ میں ایک ہی روز 60 ہزار سے زائد متاثرین رپورٹ ہو گئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 28 لاکھ کے قریب جا پہنچی ہے جبکہ مزید 800 سے زائد ہلاکتوں سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 76 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

برطانوی حکام کے مطابق انگلینڈ میں اندازاً ہر پچاس میں سے ایک اور صرف لندن میں ہر 30 میں سے ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہے۔

بے قابو وائرس کو لگام ڈالنے کیلئے برطانیہ اور اسکاٹ لینڈ میں نئے لاک ڈاؤن کا نفاذ بھی عمل میں آ چکا ہے۔ سخت پابندیوں کے باعث لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ کار وبار بند ہونے سے معاشی بحران کا خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔

اُدھر امریکا میں بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران امریکا میں سوا دو لاکھ سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے اور 3499 مریض وبا کی بھینٹ چڑھ گئے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد تیزی سے 18 لاکھ 75 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ متاثرین کی عالمی تعداد کم و بیش 8 کروڑ 70 لاکھ ہو گئی ہے۔