Friday, April 26, 2024

برطانیہ میں منظر عام پر آنیوالی کورونا کی نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیلنے کا انکشاف

برطانیہ میں منظر عام پر آنیوالی کورونا کی نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیلنے کا انکشاف
December 21, 2020

لندن (92 نیوز) برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آ گئی، جو 70 فیصد زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے نئی قسم سامنے آنے کے بعد جنوب مشرقی انگلینڈ میں ٹائر فور پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم نے کھلبلی مچا دی، مہلک وائرس کا نیا روپ لندن اور جنوب مشرقی انگلینڈ میں تیزی سے پھیلنے لگا۔

برطانوی وزیراعظم نے جنوب مشرقی انگلینڈ میں ٹائر فور پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ لندن سمیت جنوب مشرقی انگلینڈ کے شہریوں پر اپنا علاقہ چھوڑنے پر پابندی ہو گی۔ ملک کے دیگر علاقوں کے برعکس کرسمس پر بھی پابندیوں میں نرمی نہیں کی جائے گی۔

برطانوی حکام کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم 70 فیصد زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ نئی قسم میں 23 مختلف جینیاتی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ لندن میں اس وقت 60 فیصد نئے کیسز اسی قسم کا نتیجہ ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر آئرلینڈ، جرمنی، فرانس، اٹلی سمیت متعدد یورپی ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ سعودی عرب نے بھی تمام بین الاقوامی پروازوں پر ایک ہفتے کے لیے عارضی پابندی لگا دی ہے۔ جب کہ ترکی نے بھی برطانیہ سمیت کئی ممالک کی پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں۔