Saturday, April 27, 2024

برطانیہ میں عوامی رابطے کی ایپلی کیشنز پر پابندی لگانے کیلئے نیا قانون لایا جائیگا: برطانوی وزیراعظم

برطانیہ میں عوامی رابطے کی ایپلی کیشنز پر پابندی لگانے کیلئے نیا قانون لایا جائیگا: برطانوی وزیراعظم
July 11, 2015
لندن (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت نے سکیورٹی کے نام پر شہری آزادیاں سلب کرنے کی تیاری شروع کر دی ہیں۔ عوامی نگرانی کے نئے قانون کی منظوری کے بعد وٹس ایپ، آئی میسج اور اسنیپ چیٹ جیسی ایپلی کیشنز پر آئندہ چند ہفتوں میں پابندی لگ سکتی ہے۔ ایک طرف دوردراز بیٹھے لوگوں کو ملانے کے لیے نت نئی ایجادات سامنے آرہی ہیں تو دوسری جانب سکیورٹی مسائل کا نام لے کر ترقی یافتہ ممالک میں ایسے نئے قوانین وضع کیے جا رہے ہیں جو رابطوں پر پابندی عائد کر رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک نیا قانون برطانیہ میں بھی پیش کیا جا رہا ہے جس کی منظوری کے بعد عوامی رابطے کی ایپلی کیشنز پر پابندی لگائی جائے گی۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات دہشت گردی کے واقعات سے بچنے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ وٹس ایپ میں استعمال ہونیوالی ٹیکنالوجی سے کوڈ میں پیغامات بھیجے جاتے ہیں اور ان میسجز کو ڈی کوڈ نہیں کیا جا سکتا، اس قانون کے بعد فیس بک، گوگل، ایپل جیسی کمپنیوں کو بھی خاص دائرہ کار میں لایا جائے گا۔