Thursday, March 28, 2024

برطانیہ میں حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کا قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ

برطانیہ میں حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کا قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ
September 23, 2018
لندن (92 نیوز) برطانیہ میں بریگزٹ کو لے کر سیاسی بحران شدت اختیار کرتا جارہاہے۔ حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت لیبر پارٹی نے اب بریگزٹ پر دوبارہ ریفرنڈم کی ناصرف مخالفت کر دی ہے بلکہ قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ بھی کر دیا۔ جب سے برطانوی وزیراعظم ٹریسامے نیا مینڈیٹ لے کر آئی ہیں ان کی حکومت کی مشکلات کم ہی نہیں ہو رہی۔ ایک طرف یورپی یونین سے انخلا کا اونٹ کسی کروٹ نہیں بیٹھ رہا تو دوسری طرف سیاسی جماعتیں میدان میں آگئی ہیں جنہوں نے بریگزٹ ڈیل کی ناکامی پر نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ لیبر پارٹی کے سربراہ جرمی کوربن جو کچھ عرصہ قبل بریگزٹ پر دوبارہ ریفرنڈم کا شور مچارہے تھے اب قبل از وقت انتخابات کا راگ الاپ رہے ہیں۔ ان کاتازہ ترین بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اب مطالبہ بریگزٹ پر دوسرا ریفرنڈم نہیں بلکہ عام انتخابات کا ہے۔ برطانوی اخبارمیں جاری ایک سروے کے مطابق لیبرپارٹی کے 86 فیصدار اکین بریگزٹ پر دوبارہ ریفرنڈم چاہتے ہیں جبکہ 90 فیصدافراد یورپی یونین کے ساتھ رہنے کےحامی ہیں۔ 81 فیصد لیبر پارٹی کے ارکان سمجھتے ہیں کہ بریگزٹ سے معیار زندگی گر جائے گا اور 89 فیصد کے نزدیک نوکریاں جائیں گی۔ لیبرپارٹی کی طرف یہ اعلان بھی سامنے آیا ہے کہ بریگزٹ ڈیل نامنظورہوئی تو برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرے گی۔