Friday, April 26, 2024

برطانیہ ، بے نامی جائیدادوں سے متعلق نئے قانون کو چیلنج کرنے والوں کو شکست

برطانیہ ، بے نامی جائیدادوں سے متعلق نئے قانون کو چیلنج کرنے والوں کو شکست
October 4, 2018
لندن (92 نیوز) برطانیہ میں بے نامی جائیدادوں سے متعلق نئے قانون کو عدالت میں  چیلنج کرنے والوں کو شکست ہو گئی۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نےمقدمہ جیت لیا۔ یہ قانون امیر بنکر کی اہلیہ کی جانب سے چیلنج کیا گیا تھا جس کی پراپرٹی کی مالیت بائیس ملین پاؤنڈ ہے۔ گزشتہ سماعتوں میں خاتون کی فضول خرچیوں  کی خبریں سامنے آئی تھیں جن میں لندن ڈیپارٹمنٹ اسٹور ہیروڈز میں سولہ ملین پاؤنڈ کی شاپنگ شامل ہے۔ خاتون کے وکلا نے عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ڈکلیئرڈ ویلتھ آرڈر کے تحت نیشنل کرائم ایجنسی دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ مل کر بے نامی جائیدادوں کا بارثبوت متعلقہ اشخاص سے لینے کی مجاز ہے۔ ایسی جائیداد غیر قانونی طریقے سے لانے یا متعلقہ ملک میں غیر قانونی طریقے سے کمانے کی صورت میں بحق سرکار ضبط کی جا سکتی ہے۔ قانون کے نفاذ پر ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل نے ترجیحی بنیادوں پر 5 پارٹیوں کی جائیدادوں کی لسٹ حکومت برطانیہ کو دی تھی جن میں نوازشریف کی ایون فیلڈ ہاؤس بھی شامل تھی۔ دوسری جانب نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر اکنامک کرائم ڈونلڈ ٹون نے کہا کہ عدالتی فیصلہ ہمارے موقف کی تائید ہے کہ غیر قانونی طور پر خریدی کی گئی جائیدادوں کی وسیع پیمانے پر تفتیش اور قرقی قانونی عمل ہے۔