Thursday, March 28, 2024

برطانیہ آج یورپی یونین سے الگ ہو جائے گا

برطانیہ آج یورپی یونین سے الگ ہو جائے گا
January 30, 2020
لندن (92 نیوز) برطانیہ آج یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا، یورپین پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل کی توثیق کر دی، ارکان پارلیمنٹ نے دُکھی گانا گا کر برطانیہ کو الوداع کیا۔ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی پر برطانوی دارالعوام اور دارالامرا کے بعد یورپی پارلیمان نے بھی بڑا فیصلہ دے دیا۔ بیلجیئم کے شہر برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں بریگزٹ ڈیل کی حمایت میں 621 جبکہ مخالفت میں 49 ووٹ ڈالے گئے۔ اجلاس کے دوران جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے، ارکان نے ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر دُکھی گانا گا کر برطانیہ کو یورپی یونین سے الوداع کیا۔ یورپی پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ ساسولی نے برطانوی ارکان اور عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ یورپی یونین کو چھوڑ رہے ہیں لیکن آپ ہمیشہ یورپ کا حصہ رہیں گے۔ یورپین کمیشن کی صدر اُرسُلا وون کا کہنا تھا کہ بریگزٹ معاہدے کی توثیق برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان نئے تعلقات کی طرف پہلا قدم ہے۔ برطانیہ آج مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے باضابطہ طور پر یورپی یونین سے علیحدہ ہوجائے گا۔