Wednesday, April 24, 2024

برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تاریخی بریگزٹ معاہدہ طے پا گیا

برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تاریخی بریگزٹ معاہدہ طے پا گیا
December 25, 2020

لندن (92 نیوز) برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تاریخی بریگزٹ معاہدہ طے پا گیا۔ انگلینڈ نے اپنی سرحد، کرنسی، قوانین ، تجارت اور پانی کا کنٹرول واپس لے لیا۔

دس ماہ تک جاری رہنے والے مشکل مذاکرات کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ نے آخر کار بریگزٹ کے بعد تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں تاکہ سنگل مارکیٹ سے برطانیہ کے نکل جانے سے معاشی دھچکے سے نمٹا جا سکے۔

معاہدے کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا یہ معاہدہ پورے یورپ کے لیے اچھا ہے۔ 660 ارب پاؤنڈ سالانہ کے معاہدے سے ملک بھر میں روزگار کو تحفظ ملے گا۔ تاہم انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ برطانیہ کو معاہدہ کرنے کیلئے ماہی گیری کے حوالے سے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پڑا۔

دوسری جانب یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیرلین نے برسلز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کی برطانیہ سے علیحدگی میٹھے درد کی طرح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ طویل راستہ تھا لیکن ہم ایک اچھا معاہدہ سامنے لے کر آئے ہیں۔

برطانیہ نے رواں سال جنوری میں یورپی یونین کو باضابطہ طور پر خیرباد کہہ دیا تھا۔ برطانیہ دوسری جنگ عظیم کے بعد بننے والے اس سیاسی اور معاشی بلاک سے علیحدہ ہونے والا پہلا ملک بن گیا۔ رواں سال ختم ہوتے ہی یعنی یکم جنوری 2021 سے برطانیہ یورپی یونین کا حصہ نہیں رہے گا۔