Wednesday, April 24, 2024

برطانیہ اور یورپی یونین کی مذاکراتی ٹیمیں نئے بریگزٹ معاہدے پر متفق

برطانیہ اور یورپی یونین کی مذاکراتی ٹیمیں نئے بریگزٹ معاہدے پر متفق
October 18, 2019
لندن (92 نیوز) برطانیہ اور یورپی یونین کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان نئے بریگزٹ معاہدے پر اتفاق رائے ہو گیا۔ نئے معاہدے کو بھی برطانوی اور یورپین پارلیمنٹ کی منظوری درکار ہے۔ یورپین کونسل کی برطانیہ کی یورپ سے علیحدگی کی توثیق کے بعد وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے بہترین ڈیل کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس پر یورپی یونین اور برطانوی حکومتی ارکان متفق ہیں۔ صدر یورپی یونین کمیشن جین کلاوڈ کا کہنا ہے کہ اس بار مناسب اور بہتر مسودہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی پر افسوس ہے لیکن برطانیہ کیلئے یورپ میں شمولیت کیلئے دروازے کھلے رکھنے کا عندیہ دیا۔ لیکن مشکل یہ ہے کہ اس نئے معاہدے کو بھی برطانوی اور یورپین پارلیمنٹ کی منظوری درکار ہے۔ یورپی پارلیمنٹ میں تو یہ ڈیل پاس ہوسکتی ہے لیکن برطانوی پارلیمنٹ میں بورس جانسن کوسخت اپوزیشن کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ہفتے کو معاہدہ کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کاربن نے ڈیل کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاہدہ پہلے سے زیادہ بڑی شرائط پر مبنی ہے۔ دوسری جانب برطانیہ کی سیاسی جماعت ڈی یو پی نے اس کامیابی پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی اس کی حمایت نہیں کریں گے۔ بورس جانسن گزشتہ ہفتوں میں 20 ایم پیز کی حمایت کھو چکے ہیں لگتا یہی ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے ذریعے بریگزٹ ڈیل کو منظور نہیں کروا سکیں گے۔