Saturday, May 11, 2024

برطانیہ اور پاکستان کے مابین قیدیوں کے تبادلے ،لوٹی دولت واپس لانے کامعاہدہ ہوگیا

برطانیہ اور پاکستان کے مابین قیدیوں کے تبادلے ،لوٹی دولت واپس لانے کامعاہدہ ہوگیا
September 17, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید اہم دورے پر پاکستان پہنچے  ،  دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور لوٹی دولت واپس لانے کیلئے ڈیکلیریشن پر دستخط ہو گئے ۔برطانوی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ  پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کریں گے ۔پاکستانی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ابھی برطانیہ سے کسی فرد واحد کے حوالے سے بات نہیں ہوئی۔ برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید نے  کہا کہ قیدیوں کے تبادلے کا پروگرام دوباہ شروع کرنے پر متفق ہیں ، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے مدد کریں گے۔ اس موقع پر  وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم بولے کہ معاہدے کا مقصد پاکستان کے لوٹے اثاثوں کو واپس لانا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب بڑے ملزموں الطاف حسین  اور نوزاشریف کے صاحبزادوں کو واپس لانے کی راہ ہموار ہو گی ۔ اس سے پہلے برطانوی وزیرداخلہ نے  وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی  ۔ اس موقع پر ساجد جاوید نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی اور قانون کی حکمرانی  اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے پر بات ہوئی ۔ برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید وزرات خارجہ پہنچے تو شاہ محمود قریشی نے اُن کا استقبال کیا  ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی سکیورٹی ، انسداد دہشت گردی اور خطے کی صورتحال پر بات ہوئی ۔