Sunday, May 12, 2024

برطانیہ، 18 سالہ پاکستانی حسین چودھری گھر کی دہلیز پر قتل، والدہ زخمی

برطانیہ، 18 سالہ پاکستانی حسین چودھری گھر کی دہلیز پر قتل، والدہ زخمی
March 20, 2021

والتھم اسٹو (92 نیوز) مشرقی لندن کے علاقے والتھم اسٹو میں اٹھارہ سالہ پاکستانی نوجوان حسین چودھری کوگھر کی دہلیز پر قتل کردیا گیا۔ علاقے میں مقیم ایشیائی کمیونٹی میں خوف وہراس پھیل گیا۔ مقتول یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم تھا۔

مشرقی لندن کے علاقے والتھم اسٹو میں قتل کی لرزہ خیزواردات پیش آئی۔ 18 سالہ پاکستانی نوجوان حسین چودھری کو گھر کی دہلیز پر چاقو کے وار کرکے ابدی نیند سلا دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بظاہر دو نوجوان ڈیزائنرجیکٹ خریدنے کے بہانے ان کے گھر آئے، ڈکیتی کی کوشش کی اورپھر چھریوں کے وار کرکے فرار ہو گئے۔

حملہ آوروں نے حسین کی والدہ اوران کے بھائی کو بھی نشانہ بنایا حسین نے اپنی والدہ کو بچانے کی کوشش کی جس پروہ شدید زخمی ہوگیا، اور اپنی ماں کی بانہوں میں دم توڑدیا۔ حسین کی والدہ اور بھائی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حسین سویس یونیورسٹی میں قانون کی تعلیم حاصل کر رہا تھا اور آمدن کیلئے فیملی کے ساتھ مل کر آن لائن ڈیزائنر جیکٹس فروخت کرتا تھا، چاقو کے وار کرنے والے دونوں نوجوان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔