Saturday, April 27, 2024

برطانوی ہائی کمشنر کی شاہ محمود سے ملاقات، کورونا سمیت عالمی امور پر گفتگو

برطانوی ہائی کمشنر کی شاہ محمود سے ملاقات، کورونا سمیت عالمی امور پر گفتگو
April 29, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ، ملاقات میں کورونا وباء سمیت  اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہائی کمشنر سے کورونا وباء کے باعث برطانیہ میں  ہونیوالے شدید جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے  برطانیہ سمیت دنیا بھر میں کورونا  وباء کے خلاف نبرد آزما ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف کے جذبے اور خدمات کو سراہا۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے برطانوی شہریوں کی برطانیہ واپسی کیلئے سہولت مہیا کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے  پاکستان میں کورونا  وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے جانے والے بروقت اور موثر اقدامات کی تعریف کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نارویجن ہم منصب مس اینی اریکسن سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا جس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور  اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  کوونا وباء کے باعث ناروے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ہم منصب سے اظہار تعزیت کیا  اور پاکستان کی جانب سے عالمی وباء سے نمٹنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

دونوں ممالک کے  وزرائے خارجہ نے اس مشکل گھڑی میں عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا ، ناروے کی وزیر خارجہ نے پاکستان سے نارویجن شہریوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔