Thursday, May 9, 2024

برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کانفرنس، سردار مسعود خان کی شرکت

برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کانفرنس، سردار مسعود خان کی شرکت
October 19, 2019
لندن(92 نیوز) برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا- تحریک کشمیر برطانیہ کی جانب سے منعقدہ کانفرنس میں لیبر پارٹی کے 40 ایم پیز اورسابق وزیر دفاع ٹام واٹسن نے خصوصی شرکت کی۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان نے شرکا سے کشمیر ایشو اٹھانے پر اظہار تشکر کیا۔ ہاؤس آف کامن میں کشمیر کانفرنس منعقد ہوئی۔ رکن پارلیمنٹ جیس فلپ نے کشمیر کانفرنس کی صدرات کی جبکہ لبیر پارٹی کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر ٹام واٹسن نے پہلی بار تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام کانفرنس میں شرکت کر کے جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی۔ صدر آزاد کشمیرسردار مسعود احمد خان سمیت 40 ارکان ممبر پارلیمنٹ، ڈپٹی لیڈر آف لیبر پارلیمنٹ ٹام واٹسن، افضل خان، محمد یاسین، روگر گوڈسفٹ، ایلیکا کینڈی، سئینر حریت رہنما الطاف بٹ، عبدالرشید ترابی سمیت کشمیریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ سردار مسعود احمد خان نے کشمیر کانفرنس میں مقبوضہ کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانوں کو قید کیا گیا ہے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ افضل خان کا کہنا تھا برطانیہ کے ایوانوں میں کشمیریوں کی انسانی حقوق کی پامالیوں کی آواز موثر اور پر اثر بن کر ابھر رہی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے موجودہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تشویشناک قراردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز مظلوم کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کشمیری گھروں میں قید خواتین کو عصمت دری کا نشانہ اور نوجوانوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔ تقریب میں گلوبل پاکستان اینڈ کشمیر سپریم کونسل اور تحریک کشمیر کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر پیش قرار داد بھاری اکثریت سے منظور کی گئی۔