Wednesday, April 24, 2024

برطانوی پارلیمنٹ میں قادیانیوں کے حق میں رپورٹ کیخلاف کے پی اسمبلی میں قرارداد منظور

برطانوی پارلیمنٹ میں قادیانیوں کے حق میں رپورٹ کیخلاف کے پی اسمبلی میں قرارداد منظور
September 7, 2020
 پشاور (92 نیوز) برطانوی پارلیمنٹ میں قادیانیوں کے حق میں رپورٹ کیخلاف کے پی اسمبلی میں قرارداد منظور کر لی گئی۔ ختم نبوت قانون کیخلاف قادیانیوں کی سازشیں ختم نہ ہوسکیں۔ برطانوی پارلیمنٹ کے چند ارکان نے قادیانیوں کے حق میں رپورٹ مرتب کی جس کا عنوان Suffocation of the Faithful ہے۔ رپورٹ میں پاکستانی قوانین میں تبدیلی اور تعلیمی اداروں میں تبلیغ کی اجازت کی سفارش کی گئی جبکہ پاکستان کی امداد بھی سفارشات کی منظوری سے مشروط کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی مفتی عبیدالرحمٰن نے اسمبلی میں قادیانیوں کی سازشوں کے خلاف قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ مفتی عبیدالرحمٰن نے قرارداد میں کہا پاکستان پر الزام تو لگایا گیا لیکن مؤقف شامل نہیں کیا گیا۔ رپورٹ نہ صرف پاکستانیوں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔ ایوان مطالبہ کرتا ہے حکومت پاکستان اور دفتر خارجہ اس رپورٹ کو برطانوی پارلیمنٹ سے فوری طور پر واپس کرائے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا اگر سازش کو جڑ سے نہ پکڑا گیا تو مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے۔ رپورٹ نئے فتنے کا باعث بنے گی۔ ایوان فرانس اور سویڈن میں توہین رسالت اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر بھی سخت مذمت کرتا ہے۔ اسلام دشمن قوتیں اسلاموفوبیا کی بنیاد پر دہشت گردی کر رہی ہیں۔ فرانسیسی صدر نے مذمت کی بجائے حوصلہ افزائی کی جس سے جذبات مجروح ہوئے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ایوان اعادہ کرتا ہے ختم نبوت، ناموس رسالت، ناموس اہل بیت اور صحابہ کرام ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ختم نبوت کا معاملہ ہمارے لیے ریڈ لائن ہے۔ ختم نبوت پر ہمارا سب کچھ قربان ہے اور اس پر کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہئے۔ حکومت مستقبل میں ایسے واقعات کو رکوانے کیلئے اقدامات کرے۔