Friday, April 19, 2024

برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ پر آج ہونےوالی ووٹنگ ملتوی

برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ پر آج ہونےوالی ووٹنگ ملتوی
December 11, 2018
لندن ( 92 نیوز) وزیراعظم ٹریزامے نے اپنے ساتھی ارکان  کی مخالفت کے ڈر سے برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ پر آج ہونیوالی  پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ۔ دوسری جانب  یورپی عدالت انصاف نے برطانیہ کو یورپی یونین کی اجازت کے بغیر بریگزٹ  معاہدے سے دستبرداری کی اجازت دیدی ہے ،ادھر یورپی کونسل نے برطانیہ  سے بریگزٹ پر دوبارہ مذاکرات کا امکان رد کردیا ۔ بریگزٹ معاہدہ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے کیلئے ڈراؤنا خواب  بن کر رہ گیا ، آج پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ کرانے کا ارادہ ملتوی کردیا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ٹوری پارٹی کے پارلیمانی ارکان  کی اکثریت اس معاہدے کی مخالفت میں ووٹ دے گی ۔اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن نے وزیر اعظم کے فیصلے کو بزدلانہ اقدام قراردیدیا ۔ ادھر  یورپی عدالت برائے انصاف نے  برطانیہ کو  دیگر یورپی ممالک کے اتفاق کے بغیر بریگزٹ معاہدے سے دستبردار ہونے کی اجازت دیدی ،عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر برائے بریگزٹ اسٹیفن بارکلے کاکہنا تھا کہ عدالتی  فیصلے کے باوجود آرٹیکل 50پر ہماری پوزیشن تبدیل نہیں ہوئی، حکومت نے آئین کے اس آرٹیکل کی منسوخی کا فیصلہ نہیں کیا ۔ دوسری جانب  یورپی کمیشن نے بریگزٹ معاہدے پر نظرثانی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ جبکہ یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کاکہنا ہے کہ ٹریزا مے کی اخلاقی مدد کیلئے تیار ہیں تاہم بریگزٹ پردوبارہ مذاکرا ت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، انہوں نے جمعرات کو تنظیم کا خصوصی ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ جون 2016 میں برطانوی قوم نے یورپی یونین سے نکلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بریگزٹ کے حق میں 52 فیصد اور اس کے خلاف 48 فیصد ووٹ دئیے تھے۔