Friday, April 26, 2024

برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ میں تاخیر کی قرارداد منظور

برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ میں تاخیر کی قرارداد منظور
March 15, 2019
 لندن (92 نیوز) برطانوی پارلیمنٹ نے یورپ سےانخلا میں تاخیر کی قرارداد بھاری اکثریت سےمنظور کر لی۔ برطانیہ کے یورپ سے انخلاکا معاملہ نئی شکل اختیار کر گیا۔ برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ میں تاخیر کیلئے آرٹیکل پچاس میں توسیع کی قرارداد منظور کرلی۔ حکومتی قرارداد کے حق میں چارسو بارہ اور مخالفت میں دو سو دو ووٹ ڈالے گئے۔ قرارداد کےتحت وزیراعظم ٹریزامے یورپی یونین سے آرٹیکل پچاس میں توسیع  اوربریگزٹ  کی تاریخ تیس جون تک موخرکرنے کی درخواست کریں گی تاہم  اس پرعمل درآمد کیلئےتمام یورپی ممالک کی حمایت ضروری ہے۔ پورا ہفتہ مختلف قراردادوں پر شکست کھانے کے بعد ٹریزامے پہلی بار کسی حکومتی قرارداد پر حمایت حاصل کر پائی ہیں اور اس کامیابی میں لیبر پارٹی کے چھ اور چار آزاد امیدواروں کا بڑا ہاتھ ہے۔ ووٹنگ کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر جیریمی کوربن کا کہنا تھا کہ اس ڈیڈ لاک کوختم کرنے کا حقیقی حل دوبارہ ریفرنڈم ہے۔ حکومت نے بیس مارچ کو ایک بار پھر بریگزٹ ڈیل پر ووٹنگ کا اعلان کررکھا ہے۔ اس سے قبل برطانوی ایوان زیریں نے ترمیم شدہ بریگزٹ ڈیل اور نو بریگزٹ کی قراردادیں مسترد کر دی تھیں۔