Friday, March 29, 2024

برطانوی ٹیکس دہندگان کی رقم کو فراڈ سے محفوظ رکھا گیا ، ڈی ایف آئی ڈی

برطانوی ٹیکس دہندگان کی رقم کو فراڈ سے محفوظ رکھا گیا ، ڈی ایف آئی ڈی
July 14, 2019
لندن ( 92 نیوز) برطانوی ادارہ برائے عالمی ترقی نے ڈیلی میل کی خبر پر وضاحتی بیان جاری کردیا، ادارے کےمطابق امدادی رقم زلزلہ متاثرین کے بچوں کےاسکولوں کی تعمیرمکمل ہونے کے بعد دی گئی، برطانوی ٹیکس دہندگان کا پیسہ کسی بھی فراڈسےمحفوظ رکھ کر جاری کیا گیا۔ برطانوی ادارہ برائے عالمی ترقی نے ڈیلی میل کی رپورٹ پر وضاحتی پریس ریلیز جاری کردی، جس کے مطابق اخبار نے اپنی رپورٹ کے حق میں ناکافی ثبوت دیے۔ پریس ریلیز کے مطابق ڈی ایف آئی ڈی نے امدادی رقم اس وقت ادا کی گئی جب بحالی کے منصوبوں پر کام مکمل ہوگیا تھا،ادارے نے اپنی بنیادی توجہ زلزلہ زدہ علاقوں میں بچوں کے سکولوں کی تعمیر پر مرکوز رکھی جب وہ مکمل ہوگئے تھے تو ان کا آڈٹ بھی کرایا گیا تھا۔ ڈی ایف آئی ڈی کے مطابق برطانوی ٹیکس گزاروں کے پیسے سے زلزلہ متاثرین کی مدد کی گئی، ہمیں ٹیکس دہندگان کے پیسے کو محفوظ رکھنے والے اپنے نظام پر مکمل اعتماد ہے۔ ڈی ایف آئی ڈی نے شکوہ کیا کہ ڈھائی ہزار الفاظ کی رپورٹ میں ان کے مؤقف کو بالکل آخر میں جگہ دی گئی، برطانوی اخبار نے اپنی ہیڈلائن کے حق میں کم ثبوت پیش کیے۔ ڈی ایف آئی ڈی کے ردعمل پر رپورٹ کے مصنف ڈیوڈ روز نے کہا کہ برطانوی ادارے نے وہی بیان دہرایا ہے جو وہ آرٹیکل میں پہلے ہی شامل کرچکے تھے، اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کی رپورٹ میں زلزلہ متاثرین کو دی گئی امداد میں گھپلے کا کوئی ثبوت نہیں ہے، ڈیوڈ روز نے انھیں آرٹیکل کو دوبارہ پڑھنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔