Friday, May 3, 2024

برطانیہ کی مسئلہ کشمیر عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی حمایت

برطانیہ کی مسئلہ کشمیر عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی حمایت
November 24, 2016

اسلام آباد (92نیوز) برطانوی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔ برطانیہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کا حامی ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ پاک بھارت مذاکرت بحالی کی برطانوی وزیر خارجہ کی خواہش کا احترام کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کے ہمراہ مشترکہ میڈیا بریفنگ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ برطانوی وزیر خارجہ کو کشمیر کی صورتحال اور ایل او سی پر بریف کیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے ہماری تشویش کو سمجھا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی خواہش کی ہے۔

اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں دفاع‘ تجارت‘ تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔ ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ کشمیر کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔

برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے بتایا کہ برطانوی وزیراعظم آئندہ برس پاکستان کا دورہ کریں گی۔ دونوں ممالک نے پاکستان کی سترہویں سالگرہ کی تقریبات کے حوالے سے ایک پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔