Friday, March 29, 2024

برطانوی وزیراعظم کیلئے بنا معاہدہ یورپ سے انخلاء نا ممکن ہو گیا

برطانوی وزیراعظم کیلئے بنا معاہدہ یورپ سے انخلاء نا ممکن ہو گیا
September 10, 2019
لندن ( 92 نیوز) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن  کیلئے بنا معاہدہ یورپ سے انخلاء ناممکن ہو گیا ،  ملکہ الزبتھ دوم نے قانون کی منظوری دے دی ، بورس جانسن کی قبل از وقت انتخابات کی قرارداد کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑگیا ، حکومت کو نو ڈیل بریگزٹ کی دستاویزات بھی شائع کرنا ہوں گی، برطانوی پارلیمنٹ کے سپیکر جان برکو نے بھی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ برطانیہ یورپی یونین سے نکلے گا یا نہیں، انخلاء کن شرائط پر ہوگا، برطانیہ میں سیاسی غیر یقینی کی فضا تاحال برقرار ہے جب کہ برطانوی وزیراعظم کی مشکلات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ملکہ برطانیہ نے نوڈیل بریگزٹ کو روکنے کے بل کی منظوری دے دی ہے ، اب برطانیہ بنا کسی معاہدے کے 31 اکتوبر کو یورپ سے انخلاء نہیں کرپائے گا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایک بار پھر پارلیمنٹ میں قبل از وقت انتخابات کی قرارداد پیش کی جو ایک بار پھر مطلوبہ 434 ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اس سے قبل پارلیمنٹ میں نوڈیل بریگزٹ کے اثرات شائع کرنے سے متعلق قرارداد بھی منظور کی گئی ، جس کے حق میں 311 جبکہ مخالفت میں 302 ووٹ ڈالے گئے ۔ دوسری جانب اسپیکر جان برکو نے بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے ، وہ بائیس جون دو ہزار نو سے ہاؤس آف کامنز کے چیئرمین  کےعہدے پرتعینات تھے۔