Thursday, April 25, 2024

برطانوی وزیراعظم کا سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو ٹیلی فون ، خشوگی قتل سے متعلق تبادلہ خیال

برطانوی وزیراعظم کا سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو ٹیلی فون ، خشوگی قتل سے متعلق تبادلہ خیال
October 25, 2018
لندن (92 نیوز) برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ٹیلی فون رابطہ کیا جس میں خشوگی قتل سے متعلق تبادلہ خیال کیا کیا۔ برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے صحافی جمال خشوگی کی موت سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو تحقیقات میں ترکی سے ہر صورت تعاون کرنا چاہیے۔ سعودی عرب کی موجودہ وضاحت میں بہت سے سقم موجود ہیں۔ صحافی کی موت کی اصل وجوہات جاننا اور دنیا سے شئیر کرنا ضروری ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جمال خشوگی کے قتل کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترک صدر طیب اردگان سے خشوگی معاملے پر ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمال خشوگی کا قتل ایک سفاکانہ عمل تھا جس کا دفاع ممکن نہیں۔ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ترکی اس معاملے پر تمام تر ضروری اقدامات کرکے جلد از جلد قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔ تحقیقات میں ہم ترکی کے ساتھ ہیں۔