Sunday, May 19, 2024

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا مستعفی ہونے کا اعلان

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا مستعفی ہونے کا اعلان
May 24, 2019

 لندن (92 نیوز) برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

بریگزٹ بحران تھریسا مے کی وزارت عظمی کو لے ڈوبا۔ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ تھریسا مے کا کہنا ہے کہ  وہ  سات جون کو بطور کنزرویٹو لیڈر عہدہ چھوڑ دیں گی۔ وقت آگیا ہے اب کوئی اور وزیر اعظم کا منصب سنبھالے۔

 برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر قوم سے خطاب میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ ٹریزامے کا کہنا تھا کہ انہوں نے کامیاب بریگزٹ کیلئے تین بار کوششیں کیں لیکن ناکام رہیں جس پر انہیں ہمیشہ افسوس رہے گا۔

 وزیر اعظم ٹریزا مے نے تین مرتبہ یورپی یونین سے منظور کردہ بریگزٹ ڈیل پارلیمنٹ میں پیش کی جسے ہر بار مسترد کردیا گیا۔ پے درپے ناکامیوں پر انہیں نہ صرف  اپوزیشن لیبر پارٹی بلکہ حکمران  ٹوری پارٹی کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا تھا۔ ٹریزا مے کے اعلان کے بعد اگلے وزیر اعظم اور ٹوری لیڈر کیلئے چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔