Thursday, April 18, 2024

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنی منگیتر کیری سائمنڈز سے شادی کر لی

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنی منگیتر کیری سائمنڈز سے شادی کر لی
May 30, 2021

لندن (92 نیوز) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنی منگیتر کیری سائمنڈز سے شادی کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقری خفیہ رکھی گئی تھی۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے تاریخ رقم کر دی۔ ایک تو خفیہ طور پر شادی رچائی اور دوسرا برطانیہ کی 199 سالہ تاریخ  میں پہلا موقع ہے کہ کسی برطانوی لیڈر نے وزارت عظمیٰ کے دور میں شادی کی ہو۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  مہمانوں کو تقریب میں آخری وقت پر مدعو کیا گیا، یہاں تک کہ وزیراعظم کے دفتر کے سنیئر ممبران بھی شادی کے منصوبے سے لاعلم تھے۔

کیری سیمنڈز نے لیموزین کار میں سفید رنگ کا لمبا لباس زیب تن کر رکھا تھا جبکہ ان کا چہرہ گھونگھٹ سے ڈھکا ہوا نہیں تھا۔ 56 سالہ بورس جانسن اور ان کی 33 سالہ منگیتر کیری سمنڈز ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں 2019 سے مقیم ہیں جب بورس جانسن وزیراعظم بنے تھے۔

بورس جانسن کی ازدواجی زندگی ہمیشہ سے ہی تنازعات کا شکار رہی ہے۔ انہیں ایک بار کنزرویٹیو پارٹی کی پالیسی ساز ٹیم سے بے دخل کر دیا تھا جب انہوں نے اپنے شادی کے بغیر تعلقات کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔ بورس جانسن کی دو بار طلاق ہو چکی ہے جب کہ انہوں نے اپنے بچوں کی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا۔