Monday, May 13, 2024

برطانوی وزیر صحت ندائن ڈوریس میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص

برطانوی وزیر صحت ندائن ڈوریس میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص
March 11, 2020
لندن ( 92 نیوز) برطانوی وزیر صحت ندائن ڈوریس میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ،  آئسولیشن میں رہنے پر مجبور ہو گئے ۔ دنیا بھرکی طرح برطانیہ بھی کرونا کی لپیٹ میں آگیا ، عوام کے ساتھ ساتھ اہم سیاسی عہدیدار بھی وائرس کا شکار ہونے لگے ، جن میں وزیرصحت بھی شامل ہیں۔ باسٹھ سالہ نڈائن ڈوریس کا تعلق کنزرویٹو پارٹی سے ہے جو سابقہ نرس بھی ہیں ، وائرس کی تشخیص کے بعد انھوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ ہیلتھ سیکرٹری میٹ ہین کوک سمیت ندائن ڈوریس  سے  ملنےوالے افراد کے بھی کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہوں گے۔  برطانوی دفترخارجہ نے شہریوں کو اٹلی کیلئے سفری انتباہ بھی جاری کیا ہے، برٹش ایئرویز، ایزی جیٹ، ریان ایئر اور جیٹ ٹو نے اطالوی روٹس پر پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ ترانوے سالہ ملکہ الزبتھ دوئم اپنی ضعیف العمری کی وجہ سے کرونا کا فوری شکار بن سکتی ہیں ، جس سے بچاؤ کیلئے نہ صرف انھوں نے ہاتھ ملانا چھوڑ دیا بلکہ اپنے دستانے وہ کہیں پر بھی نہیں اتار رہیں۔ کرونا جہاں عالمی معیشت پر اثرانداز ہورہا ہے وہیں برطانوی مارکیٹس بھی اس کا نشانہ بن رہیں ہیں جنہیں استحکام دینے کیلئے بنک آف انگلینڈ نے اپنی شرح سود اعشاریہ سات پانچ سے کم کرکے اعشاریہ دو پانچ فیصد کردی۔ برطانوی دفترخارجہ اٹلی کیلئے سفری انتباہ جاری کرچکا ہےجبکہ برٹش ایئرویز، ایزی جیٹ، ریان ایئر اور جیٹ ٹو نے اطالوی روٹس پر پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سترہ مارچ کو ہونے والی سینٹ پیٹرک ڈے پریڈ روک دی گئی ہے، جبکہ انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی اور آرسنل کا آج ہونے والا میچ بھی منسوخ کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی طبی معائنہ  کیا گیا  تاہم وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔ ادھر کرونا وائرس کے پیش نظر امریکا نے ایران سے امریکی قیدی رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔