Monday, September 16, 2024

برطانوی نوجوان کا مقبول ترین گیم ”پوکے مون گو“ کے تمام کردار پکڑنے کا دعویٰ

برطانوی نوجوان کا مقبول ترین گیم ”پوکے مون گو“ کے تمام کردار پکڑنے کا دعویٰ
July 30, 2016
لندن (ویب ڈیسک) سمارٹ فون کی آن لائن گیم ”پوکے مون گو“ نے امریکا، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور یورپی یونین سمیت چالیس سے زائد ممالک میں تہلکہ مچا رکھا ہے۔ ایک برطانوی نوجوان کا دعویٰ ہے کہ اس نے گیم کے تمام کردار پکڑ لئے ہیں اور ساتھ ہی اپنابارہ کلووزن بھی کم کرلیاہے۔ تفصیلات کے مطابق ”پوکے مون گیم“ میں سب سے معصوم اور زرد رنگ کے پرکشش کردار ”پیکاچو“ کوپکڑا جاتا ہے۔ اپنی اپنی موبائل سکرینوں میں اس گیم کو کھیلنے والے اردگرد کی حقیقی زندگی میں ورچوئل کیریکٹرز کو تلاش کرتے ہیں۔ اس مقبول ترین موبائل ویڈیو گیم ”پوکے مون گو“ کی خوبی ہے کہ اس نے دیگر ویڈیو گیمز کی نسبت کھلاڑیوں کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے۔ کہیں یہ خبر آتی ہے کہ کسی نے پوکے مون کی وجہ سے خودکشی کا ارادہ ترک کردیا تو کوئی پوکے مون کھیلتا کھیلتا ملک کی سرحدپار کرگیا تو کہیں ورچوئل ریالٹی پر مبنی اس گیم کے ساتھ ایسی کئی اطلاعات آئی ہیں جب لوگ اپنے فون سکرین پر توجہ مبذول رکھتے ہوئے بلندی سے گر پڑے ہیں اور زخمی ہوئے۔ ادھر ایک برطانوی شخص نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ”پوکے مون“ کے تمام کردار پکڑ لیے ہیں جو اس کے ملک میں دستیاب تھے۔ سیم کلارک نامی نوجوان نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں اس نے ایک سو تینتالیس ورچوئل کرداروں کو پکڑنے کا دعوی کیا ہے۔ اس شخص کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے گیم کھیلنے کے دوران اپنا وزن 12 کلو گرام کم کیا ہے اور اس کا آخری کریکٹر ایک دکان کے پیچھے ملا تھا۔ پاکستان، بھارت، فلپائن، تھائی لینڈ اور سنگاپور میں بھی جلد یہ موبائل گیم لانچ کیا جائے گا۔