Thursday, April 25, 2024

برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ 99 سال کی عمر میں چل بسے

برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ 99 سال کی عمر میں چل بسے
April 9, 2021

لندن (92 نیوز) برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ 99 سال کی عمر میں چل بسے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وہ کچھ عرصہ سے بیمار تھے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے تعزیتی بیان میں کہا، آج ہم ملکہ برطانیہ کے ساتھ غمزدہ ہیں۔

برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر شہزادہ فلپ جہان فانی سے کوچ کرگئے، اِن کی عمر 99 سال تھی۔ انہیں ڈیوک آف ایڈنبرا کے خطاب سے پکارا جاتا تھا۔

پرنس فلپ 10 جون 1921ء کو یونان میں پیدا ہوئے۔ شہزادہ فلپ کی ملکہ الزبتھ دوئم سے شادی 1947ء میں ہوئی۔ اِن کا تعلق یونان اور ڈنمارک کے شاہی خاندان سے تھا۔

شہزادہ فلپ نے فرانس ، جرمنی اور برطانیہ میں تعلیم حاصل کی 1939 میں اٹھارہ سال کی عمر میں وہ برطانوی رائل نیوی کا حصہ بن گئے۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم میں بحیرہ روم اوربحرالکاہل میں جنگی خدمات سرانجام دیں۔ شہزادہ فلپ کی ملکہ الزبتھ سے پہلی ملاقات 1934ء میں ہوئی، 1939ء میں شہزادہ فلپ اور 13 سالہ ملکہ الزبتھ کے درمیان خط وکتابت کا آغاز ہوا۔

ملکہ الزبتھ سے شادی سے پہلے شہزادہ فلپ نے یونانی اور ڈینش شاہی اعزازات والقابات کو ترک کردیا تھا۔ شہزادہ فلپ بیماری اور عمر کی زیادتی کے باعث اگست 2017 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئے، انہیں آخری بار جولائی 2020 میں کسی عوامی تقریب میں دیکھا گیا تھا۔