Friday, April 19, 2024

برطانوی عام انتخابات میں دس پاکستانی نژاد امیدواروں نےبھی کامیابی حاصل کرلی

برطانوی عام انتخابات میں دس پاکستانی نژاد امیدواروں نےبھی کامیابی حاصل کرلی
May 8, 2015

لندن(ویب ڈیسک)برطانوی انتخابات میں مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ دس پاکستانی نژاد امیدواروں نے بھی کامیابی اپنے نام کرلی ہے، برطانوی سیاست میں دس پاکستانی نژاد رہنماوں نے عام انتخابات میں کامیابی کے جھنڈے گاڑتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ پاکستانی ہر جگہ اپنی قابلیت کا لوہا منوارہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق خالد محمود برمنگھم سے لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئےاس سے قبل بھی وہ دو ہزار ایک میں دارالعوام کے رکن منتخب ہوئے۔

لیبر پارٹی کی جانب سے برطانوی انتخابات میں حصہ لینے والی ایک اور پاکستانی نژاد امیدوار شبانہ محمود نے فتح اپنے نام کی۔

مظفر آباد آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے رحمن چشتی نے بھی برطانوی سیاست میں میدان مار لیا۔

ساجد جاوید بھی انتخابات میں کنزرویٹو کی طرف سے سرفراز ہوکر ایم پی بنے ہیں۔

سکاٹش نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی پاکستانی نژاد تسمینہ احمد شیخ پرتھ شائر سے کامیاب ہوئیں،بریڈفورڈ سے دو پاکستانی نژاد امیدوار عمران حسین اور ناز شاہ لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوگئے۔

بولٹن سے یاسمین قریشی نے فتح حاصل کی ہے جبکہ لندن میں ٹوٹنگ کے علاقے سے لیبر پارٹی کے صادق خان دوبارہ دارالعوام کے رکن بننے میں کامیاب رہے۔

نصرت غنی نے بتیس ہزار پانچ سو آٹھ ووٹ حاصل کرکے ویلڈن سے کامیابی سمیٹی۔