Thursday, March 28, 2024

برطانوی شہزادہ چارلس بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ‏

برطانوی شہزادہ چارلس بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ‏
March 25, 2020

لندن ( 92 نیوز) برطانوی شہزادہ چارلس بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ، شہزادے اور ان کی اہلیہ کو اسکاٹ لینڈ میں انکے گھر میں ہی قرنطینہ کر دیا گیا۔

نہ امیر دیکھتا ہے   نہ غریب ، نہ حکمران کی پہچان کرتا ہے اور نہ ہی کسی بادشاہ کی فکر، کورونا کے سامنے جو آتا ہے بیمار پڑ جاتا ہے۔

برطانوی شہزادہ چارلس  بھی موذی وبا میں مبتلا ہو گئے ، 71 سالہ  شہزادہ چارلس میں کورونا کی ابتدائی علامات پائی گئی تھیں  جس کے بعد انکا ٹیسٹ کیا گیا جس کے نتائج نے برطانوی شہزادے کے بیمار ہونے کی تصدیق کر دی۔

کلیرنس ہاؤس نے پرنس آف ویلز کے بیمار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہزادے میں کورونا کی علامات خطرناک نہیں ہیں ، چارلس کی اہلیہ کمیلا میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی لیکن پھر بھی دونوں میاں بیوی کو الگ تھلگ کر دیا گیا ہے اور اسکاٹ لینڈ میں موجود انکی رہائشگاہ کو قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

شہزادہ چارلس کے موذی وبا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے بعد بکنگھم پیلس کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے اگرچہ 12 مارچ کو ملکہ برطانیہ کی اپنے بیٹے سے ملاقات ہوئی تھی تاہم وہ بالکل صحت مند ہیں۔