Tuesday, May 14, 2024

برطانوی شاہی جوڑا کروڑوں دل جیت کر وطن واپس روانہ

برطانوی شاہی جوڑا کروڑوں دل جیت کر وطن واپس روانہ
October 18, 2019

 لاہور (92 نیوز) برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کی حسین وادیوں کی سیر اور کروڑوں دل جیت کر وطن واپس روانہ ہوگیا ۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے آج اسلام آباد مارگلہ ہلز کا دورہ کیا۔ شاہی جوڑے نے پاکستان مانومنٹ، بادشاہی مسجد، شوکت خانم اسپتال، ایس او ایس ویلیج لاہور اور چترال کا دورہ کیا۔

گزشتہ روز موسم کی خرابی کے باعث مہمانوں کو لاہور میں قیام کرنا پڑا۔ مہمانوں نے ایس او ایس ویلیج اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، بادشاہی مسجد اور شوکت خانم اسپتال بھی گئے۔

بادشاہی مسجد آمد پر برطانوی شاہی جوڑے کا خطیب مولانا عبدالخیر آزاد نے استقبال کیا اور مختلف حصے دکھائے گئے۔ برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شوکت خانم اسپتال میں کینسر کے مریض بچوں سے ملاقات ہوئی۔ دونوں بچوں میں گھل مل گئے۔

برطانوی شاہی جوڑا اپنے 5 روزہ دورے کے چوتھے روز لاہور پہنچا تھا، گورنر چودھری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مدلٹن کا لاہور آمد پر استقبال کیا۔

برطانوی شاہی جوڑے کے لاہور پہنچنے پر زندہ دلان لاہور نے پلکیں بچھا دیں، لاہور پہنچنے پر گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شاہی مہمانوں کا استقبال کیا، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو گلدستہ پیش کیا گیا ۔

گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ نے مہمانوں کو سوینیر اور تحائف پیش کیے، شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی چھڑی اور پینٹنگ، کیٹ مڈلٹن کو شال اور دیگر تحائف پیش کیے گئے۔

گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن ایس او ایس ویلیج پہنچے ،بچوں میں گھل مل گئے اور کیک کاٹا۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچے تو چیئرمین پی سی بی اور دیگر حکام نے استقبال کیا، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ نے کرکٹ بھی کھیلی ۔

مہمانوں کی ضیافت کیلئے لذیذ پکوان بھی تیار کیے گئے ،شاہی مہمان پاکستانیوں کی میزبانی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ لاہور کے مختلف مقامات کی سیر کی۔