Tuesday, May 21, 2024

برطانوی رائل فیملی کا شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کل اسلام آباد پہنچیں گے

برطانوی رائل فیملی کا شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کل اسلام آباد پہنچیں گے
October 13, 2019
 لندن(92 نیوز) برطانوی رائل فیملی کا شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کل اسلام آباد پہنچیں گے۔ ریڈکارپٹ استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ برطانوی شاہی جوڑہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن  پانچ روزہ دورہ پاکستان پر 14 اکتوبر کی رات ساڑھے 9 بجے نور خان ائیر بیس پر اتریں گے جہاں برطانوی شاہی مہمانوں کا ریڈ کارپٹ استقبال ہو گا۔ اعزازی گارڈ پیش کی جائے گی۔ نور خان ایئر بیس پر شاہی جوڑے کا وفاقی وزراء، دفتر خارجہ حکام اور برطانوی سفارتکار خیرمقدم کریں گے ۔ برطانوی شاہی جوڑا بھاری بھرکم سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچے گا۔ برطانوی شاہی جوڑے کیلئے 40 سے زائد ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور طبی عملہ بھی سیکیورٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ 15 اکتوبر کو صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔ شاہی جوڑا ایف سیون میں سکول، کالج کا دورہ، نجی ادارے کے اجلاس میں شرکت کریگا۔ برطانوی مہمان پاکستان مانومنٹ پر منعقدہ خصوصی تقریب کا حصہ بھی ہوں گے۔ برطانوی شاہی جوڑا 16 اکتوبر کو لاہور میں ایس او ایس ویلیج، ایچیسن کالج کا دورہ کریگا اور شوکت خانم ہسپتال بھی جائیں گے۔ برطانوی شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو چترال جائے گا اور مقامی افراد سے ملاقاتیں کرے گا۔ موسم بہتر، سیکیورٹی مسائل نہ ہوئے تو برطانوی مہمان درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کریں گے ۔ برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔