Tuesday, April 30, 2024

برطانوی خلاباز کو سائنسی تحقیق کی قیمت جسمانی تبدیلیوں کی صورت چکانا ہو گی

برطانوی خلاباز کو سائنسی تحقیق کی قیمت جسمانی تبدیلیوں کی صورت چکانا ہو گی
December 17, 2015
لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کے خلا باز ٹم پیک بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر چھ ماہ قیام کریں گے۔ سابق آرمی پائلٹ ٹم پیک خلائی سٹیشن پر تجربات کے علاوہ ایسے منصوبوں پر کام کریں گے جو نوجوان نسل کو سائنس کی جانب راغب کرنے میں مدد دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ٹم پیک کا خلا میں چھ ماہ تک رہنے کا وقت تو جلد گزر جائے گا لیکن اس دوران انہیں جسمانی تبدیلیوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹم پیک کی ہڈیاں اور پٹھے کمزور ہو جائیں گے اور انہیں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے روزانہ دو گھنٹے ورزش کرنا پڑے گی۔ برطانوی خلائی ایجنسی کے لیے کام کرنے والے لبی جیکسن کے مطابق چھ ماہ کے بعد جب ٹم پیک واپس زمین پر آئیں گے تو ان کے جسم کو خلا کے اثرات سے نکلنے کے لیے کم سے کم ایک سال درکار ہو گا۔ ایسا صرف ٹم پیک کے ساتھ ہی نہیں ہو گا بلکہ ان کے ساتھ جانے والے تمام خلا بازوں کو ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹم پیک جب واپس آئیں گے تو پھر زیادہ دلچسپ معلومات ملیں گی کہ انہوں نے اپنے پہلے خلائی سفر کو کیسا پایا۔