Friday, April 19, 2024

برطانوی حکومت کو خط لکھ کر تحقیقات میں معاونت کی درخواست کی  جائیگی : چودھری نثار

برطانوی حکومت کو خط لکھ کر تحقیقات میں معاونت کی درخواست کی  جائیگی : چودھری نثار
June 25, 2015
اسلام آباد(92نیوز) بی بی سی نے پاکستانی سیاست میں  ہلچل مچادی ہے،ایم کیوایم  پر لگنے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے، جس کے بعد،پاکستان نے برطانیہ سے باضابطہ  مدد لینے کا فیصلہ کرلیا،چودھری نثار کہتے ہیں کہ برطانوی حکومت کو خط لکھ کرتحقیقات میں معاونت کی درخواست کی جائے گی۔ رپورٹ سے بھارت کے بارے میں ہمارے خدشات کی توثیق ہوگئی ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ بی بی سی کی رپورٹ پر بات چیت کیلئے برطانوی ہائی کمشنر کو مدعو کیا تھا،برطانوی سفیر کو بتایا ہے کہ رپورٹ پر حکومت پاکستان  اور قومی سلامتی کے اداروں میں کافی تشویش پائی جاتی ہے ،،فلپ بارٹن کو کہا ہے کہ حقائق کو منطقی انجام تک پہنچا کر پاکستان کو آگاہ کیا جائے۔ وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ رپورٹ پوری ایم کیو ایم کے خلاف نہیں  بلکہ اس میں پارٹی کے چند لوگوں کے ملوث ہونیکا ذکر ہے بی بی سی کی رپورٹ ہمسایہ ملک بھارت کے  حالیہ بیان کی توثیق ہے۔ ڈاکٹر عمران فاروق کیس کی تحقیقات کے متعلق چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ملزمان سے تفتیش کے لئے  آئیندہ چند روز میں سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان پہنچے گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی اور انہیں بی بی سی کی رپورٹ کے بعد ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔