Friday, March 29, 2024

برطانوی باکسر عامر خان نے زندگی کی 31 بہاریں دیکھ لیں

برطانوی باکسر عامر خان نے زندگی کی 31 بہاریں دیکھ لیں
December 8, 2017

لندن (92 نیوز) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے زندگی کی 31 بہاریں دیکھ لیں۔ کنگ آف رنگ نے کئی میدانوں میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اپنے زور دار مکوں اور پھرتی سے کم عمر میں شہرت پانے والے عامر خان آٹھ دسمبر انیس سو چھیاسی کو برطانوی شہر بولٹن میں پیدا ہوئے۔
عامر خان نے گیارہ سال کی عمر میں باکسنگ کھیلنا شروع کی اور انگلش اسکول ،جونیئر اے بی بے ٹائٹل کے علاوہ 2003 میں جونیئر اولمپکس کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔
عامر خان نے پیتنس فائٹس میں سے اکتیس اپنے نام کر رکھی ہیں۔ پاکستانی نژاد باکسر نے انیس فائٹس میں حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔
عامر خان نے دو ہزار چار کی ایتھنز اولمپکس میں چاندی کا تمغہ بھی سینے پر سجایا۔ اسٹار باکسر نے 2009 میں ڈبلیو بی اے انٹرنیشنل لائٹ ویٹ ٹائٹل حاصل کیا۔
عامر خان صرف 22 سال کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے برطانیہ کے تیسرے کم عمر چیمپئن بنے۔
شہرہ آفاق باکسر کھیل کے علاوہ خبروں کی بھی زینت بنتے رہے ہیں۔ اہلیہ فریال مخدوم سے علیحدگی اور پھر صلح نے عالمی میڈیا میں خوب جگہ بنائی۔
پروفیشنل کیریئر کے ساتھ ساتھ عامر خان سماجی سر گرمیوں میں بھی اپنا خاطر خواہ حصہ لیتے ہیں۔