Friday, May 17, 2024

برطانوی انتخابات، حکمران جماعت کنزرویٹو نے 365 نشستیں جیت کر میدان مار لیا

برطانوی انتخابات، حکمران جماعت کنزرویٹو نے 365 نشستیں جیت کر میدان مار لیا
December 14, 2019
لندن (92 نیوز) بریگزٹ کی غیر یقینی صورتحال کے سائے تلے منعقد ہوئے برطانوی انتخابات میں عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی بڑے مارجن سے فتح یاب ٹھہری۔ جیرمی کوربن کی لیبر پارٹی کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ کنزرویٹو پارٹی نے 650 سیٹوں میں سے 365 سیٹیں اپنے نام کی ہیں۔ لیبر پارٹی صرف 203 سیٹوں تک محدود ہو کر رہ گئی۔ اسکاٹ لینڈ کے عوام نے اپنی نمائندہ جماعت اسکاٹش نیشنل پارٹی کو ایک بار پھر بھاری مینڈیٹ دے دیا۔ اسکاٹش نیشنل پارٹی 48 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ لبرل ڈیمو کریٹ صرف 11 سیٹیں اپنے نام کر سکی جب کہ اس کی رہنماء جو سونسن اپنی ہی سیٹ کا دفاع نہ کر سکیں۔ ان کی جماعت کا کہنا ہے وہ اگلے سال نیا سربراہ منتخب کریں گی۔ دوسری سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے حصے میں 23 سیٹیں آئی ہیں۔ ووٹنگ ٹرن آؤٹ 67.3 فیصد رہا۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اپنی سیٹ بڑے مارجن سے جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنے ووٹرز کے اعتماد کو مجروح نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا ہے ہم بغیر کسی اگر مگر کے 31 جنوری کو یورپی یونین چھوڑ دیں گے دوسری جانب لیبر پارٹی کے رہنماء جیرمی کوربن اپنی سیٹ جیتنے میں تو کامیاب ٹھہرے لیکن پارٹی کو اکثریت نہ دلوا سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ رات لیبر پارٹی کے لیے مایوس کن رہی ہے۔ مزید کہا وہ غور و فکر کے اس عرصے کے دوران اپنی جماعت کا ساتھ دیں گے لیکن اگلے انتخابات میں لیبر پارٹی کی سربراہی نہیں کریں گے۔ برطانوی الیکشن میں پاکستانی نژاد امیدواروں کی بڑی کامیابیاں ہوئیں۔ نازشاہ مسلسل تیسری بار بریڈ فورڈ سے رکن پارلیمنٹ منتخب، ساجد جاوید برومس گرو سے فاتح ٹھہرے۔ خالد محمود اور طاہر علی نے برمنگھم، یاسمین قریشی نے ساؤتھ بولٹن سے کامیابی سمیٹی۔ پاکستانی نژاد زارا سلطانہ، شبانہ محمود، محمد یاسین، نصرت غنی، افضل خان، عمران احمد اور رحمان چشتی بھی اپنی سیٹ جیت گئے۔