Friday, April 26, 2024

برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بورس جانسن سے بریگزٹ کا آئندہ ایجنڈا طے کرنے کا اختیار واپس لے لیا

برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بورس جانسن سے بریگزٹ کا آئندہ ایجنڈا طے کرنے کا اختیار واپس لے لیا
September 4, 2019
 لندن (92 نیوز) برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم بورس جانسن سے بریگزٹ کا آئندہ ایجنڈا طے کرنے کا اختیار واپس لے لیا۔ بریگزٹ کا بحران وزیر اعظم بورس جانسن کیلئے بھی وبال جان بن گیا ۔اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے پیش کردہ ایوان کا انتظام براہ راست سنبھالنےکی قرارداد منظور کر لی گئی ۔ قرارداد کے حق میں تین سو اٹھائس اور مخالفت میں تین سو ایک ووٹ آئے ۔ حکومتی ٹوری پارٹی کے اکیس ارکان  نے بورس جانسن کیخلاف  ووٹ دیکر شکست کو یقینی بنایا۔ قرارداد کے تحت اراکین کو یہ اجازت دے دی گئی ہے  کہ وہ  نو ڈیل بریگزٹ روکنے کیلئے آج دوبارہ بل پیش کرسکتے ہیں ۔ بل کے مطابق اگر انیس اکتوبر تک یورپی یونین کیساتھ معاہدہ نہ  ہوا تو بریگزٹ  تین ماہ کیلئے موخر ہو جائے گا۔ وزیر اعظم بورس جانسن پہلے ہی بریگزٹ پر مزید مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں ۔ شکست کے بعد وزیر اعظم بورس جانسن نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے اراکین سے  اپیل کی کہ وہ نوڈیل بریگزٹ روکنے کی قرارداد مسترد کر دیں۔ بصورت دیگر وہ قبل از وقت انتخابات کی قرارداد جمع کرادیں گے ۔ دوسری جانب ہزاروں افراد نے بریگزٹ کیخلاف پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیا ۔ شرکا نے وزیر اعظم بورس جانسن کیخلاف نعرے بازی کی اور بریگزٹ روکنے کا مطالبہ کیا۔