Thursday, March 28, 2024

برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل مسترد کر دی

برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل مسترد کر دی
January 16, 2019
 لندن (92 نیوز) برطانوی پارلیمنٹ نے بریگزٹ ڈیل کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔ برطانوی وزیراعظم ٹریزامے کو بریگزٹ ڈیل پر بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 432 اراکین نے بریگزٹ کی مخالفت کرکے ڈیل کو مسترد کر دیا۔ برطانوی پارلیمنٹ میں 202 اراکین نے بریگزٹ کے حق میں جبکہ 432 ارکان نے بریگزٹ کے خلاف ووٹ دے کر ڈیل کو مسترد کر دیا۔ ووٹنگ سے قبل پارلیمنٹ میں 4 ترامیم بھی پیش کی گئیں جن میں سے صرف آئرلینڈ کے حوالے سے ترمیم پر ووٹنگ ہوئی جس کو بھی بعدازاں مسترد کر دیا گیا۔ بریگزٹ ڈیل کے حق میں حکمران کنزرویٹوپارٹی کے 196، لیبر3 اور 3 آزاد امیدواروں نے ووٹ ڈالے جبکہ کنزرویٹو پارٹی کے 118 اراکین نے بریگزٹ ڈیل کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ لیبر کے 248 ،ڈی یوپی کے 10 اور ایس این پی کے 35 اراکین نے بریگزٹ ڈیل کی مخالفت میںووٹ ڈالے ۔ لبرل ڈیموکریٹس کے 11 ، گرین پارٹی کےایک ،پی سی کے 4 اور 5 آزاد امیدواروں نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ دوسری جانب اپوزیشن سربراہ جیرمی کوربن نے برطانوی وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی جس پر ووٹنگ آج شام سات بجے ہو گی۔ اگر تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوتی ہے تو حکومت یا اکثریت کے ساتھ اقتدار سنبھالنے کی اہلیت رکھنے والی جماعت کے پاس 14 دن ہوں گے کہ وہ پارلیمان سے اعتماد حاصل کرے۔ اگر وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوتے تو ملک میں عام انتخابات کا انعقاد کرایا جائے گا۔ دوسری طرف ٹریزامے نے کہا نتائج سے اس بات کا اندازہ نہیں کہ ارکان پارلیمنٹ کیا ڈیل چاہتےہیں۔ ووٹنگ نتائج سے ثابت ہوتا ہے ارکان کی اکثریت ڈیل سےمتفق نہیں۔  جسے جانچنا ہے جانچ لے، حکومت کو پارلیمنٹ کا اعتماد حاصل ہے یا نہیں۔ کنزرویٹو پارٹی کے وائس چئیرمین ٹام پرسگلوؤ نے بریگزٹ ڈیل مسترد ہونے پر استعفیٰ دے دیا۔ ٹام پرسگلوؤ نے بریگزٹ کی مخالفت میں ووٹ دیا تھا۔