Friday, April 19, 2024

برطانوی اخبار کی خبرسے سارے پاکستان کا سر شرم سے جھک گیا ،فردوس عاشق اعوان

برطانوی اخبار کی خبرسے سارے پاکستان کا سر شرم سے جھک گیا ،فردوس عاشق اعوان
July 14, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے برطانوی اخبار کی جانب سے شہباز شریف   پر منی لانڈرنگ کے الزامات کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی اخبار کی خبر سے سارے پاکستان کا سر شرم سے جھک گیا ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف اینڈ سنز کی منی لانڈرنگ کے تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں ، دولت کے لالچ میں سرکاری عہدوں کو استعمال کیا گیا اور زلزلہ متاثرین کی امداد پر بھی ہاتھ صاف کئے گئے ، مریم صفدر اعوان اب یہ نہیں کہہ سکتیں کہ یہ پاکستانی حکومت کی سازش ہے۔ وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات  نے  تاجروں سے اپیل کی کہ کسی سیاسی جماعت کیلئے سیاسی ایندھن نہ بنیں،تاجروں کو ٹشو کی طرح استعمال کر کے پھینکا جائے گا،کاروباری لین دین میں مڈل مین کہتا ہے میں ٹیکس ریفارمز کا حصہ نہیں بنوں گا ،پاکستان کو اب قرضوں پر نہیں ٹیکس ریفارمز ایجنڈے پر چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے آلہ کاروں نے تاجروں کو اکسایا، حکومت آج بھی تاجروں کو سینے سے لگانے کیلئے تیار ہے، تجارت کی آڑ میں سیاست نہیں چلے گی،  ن لیگ کے ٹریڈر ونگ نے تاجروں کو گمراہ کرنے کی سازش کی، تبدیلی آئی ہے تو تبدیلی کو آپ نے قبول کرنا ہے۔