Friday, April 26, 2024

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نوازشریف کی واپسی کیلئے لکھے گئے خط کے مندرجات سامنے لے آیا

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نوازشریف کی واپسی کیلئے لکھے گئے خط کے مندرجات سامنے لے آیا
October 21, 2020
لندن (92 نیوز) پاکستان نے نوازشریف کی واپسی کیلئے برطانیہ کو خط لکھا۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز خط کے مندرجات سامنے لے آیا۔ آٹھ ہفتوں کیلئے لندن جانے والے نوازشریف گیارہ ماہ بعد بھی واپس نہ آئے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے نوازشریف کی واپسی کے لیے لکھے گئے خط کے مندرجات سامنےآگئے۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر شہزاد اکبر نے 5 اکتوبر کو لکھے گئے خط میں برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل سے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کو ڈی پورٹ کیا جائے تاکہ وہ کرپشن پر ملنے والی سزا مکمل کر سکیں۔ وزیراعظم پاکستان نے نواز شریف کی واپسی کا مطالبہ برطانیہ کے نئے پوسٹ بریگزٹ قوانین کے تناظر میں کیا جس میں غیرملکی مجرموں کے خلاف سخت اقدامات کا عزم ظاہر کیا گیا۔ پریتی پٹیل سے مطالبہ کیا گیا وہ خصوصی اختیارات استعمال کرکے نوازشریف کو ڈی پورٹ کریں کیونکہ وہ ایسا کرنے کی پابند ہیں۔ خط میں کہا گیا قانون کے مطابق ایسے مجرم جنہیں چار سال سے زائد کی سزا مل چکی ہو انہیں ہر صورت برطانیہ چھوڑنا ہو گا۔ خط میں کہا گیا نوازشریف ریاست میں لوٹ مار کے ذمہ دار ہیں اور یقینا آپ کرپشن میں ملوث افراد کو سزا دینے کی ہماری کوششوں کی حمایت کریں گی۔ برطانوی حکومت اور نوازشریف نے اخبار کو اس معاملے پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل برطانیہ کے سربراہ ڈینیئل  بروس کہتے ہیں سزا یافتہ غیرملکی سیاستدانوں کو برطانیہ میں کوئی اسثنیٰ نہیں ہونا چاہئے۔ کرپشن کی رقم متاثرین کو ملنی چاہئے۔