Sunday, September 8, 2024

برسلز دھماکوں پر وزیراعظم نوازشریف اور عالمی رہنماؤں کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

برسلز دھماکوں پر وزیراعظم نوازشریف اور عالمی رہنماؤں کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
March 22, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) برسلز دھماکوں پر عالمی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ دکھ کی گھڑی میں بیلجیم کے عوام کے ساتھ ہیں۔ امریکی صدر، برطانوی وزیراعظم اور دیگر عالمی رہنماؤں نے یورپ میں دہشت گردی کے تناظر میں باہمی سکیورٹی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ برسلز میں دہشت گردی کے بعد عالمی رہنماؤں نے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں بیلجیم کے عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ دکھ کے ان لمحات میں امریکی عوام بلیجیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ یورپ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے یورپی عوام خود کو غیرمحفوظ سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کریں گے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے  سیکرٹری جنرل نے بھی حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین نے ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ارکان  یورپی پارلیمنٹ نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں یورپی رکن پارلیمنٹ سجاد کریم نے کہا کہ یورپ بھر میں سوگ کی سی کیفیت ہے۔ دہشت گردی سے عوام خوفزدہ ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی بھی پریشان ہے۔ دیگر یورپی ارکان پارلیمنٹ نے بھی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔