Thursday, April 25, 2024

برسبین ٹیسٹ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط، ایک وکٹ پر 233 رنز بنالئے

برسبین ٹیسٹ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط، ایک وکٹ پر 233 رنز بنالئے
November 22, 2019
برسبین (92 نیوز) برسبین ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، بلے باز وں کے بعد باﺅلرز بھی ناکا م ہوگئے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 63 اوورز کے کھیل میں ایک وکٹ کے نقصان پر 233 رنز بنالئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 118 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ برسبین ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی کرکٹ نے بلے باز ی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہر ہ کیا ،اوپنرز نے 222 رنز کا آغاز فراہم کیا ۔جوئے برنز نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے ،انہیں 97 رنز پر یاسرشاہ نے بولڈ کردیا۔ اس سے قبل برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کرآل آئوٹ ہو گئی تھی۔ شان مسعود اور کپتان اظہر علی نے 75 رنز کا آغاز فراہم کیا، پہلی وکٹ شان مسعود کی صورت میں گری ،وہ 27رنز بنا کر کیومنز کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ 75 ہی کے اسکور پر ساتھی اوپنر اور کپتان اظہر علی بھی چلتے بنے، وہ ہیزل ووڈ کی گیند پر برنز کو کیچ تھما بیٹھے۔ مڈل آرڈر اسد شفیق پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے ، انہوں نے 134 گیندیں کھیل کر 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ اسد شفیق دوسری وکٹ گرنے پر کریز پر آئے اور نویں نمبر تک کھڑے رہے۔وہ 33.3 اوورز پر کریز پر آئے اور 81.4 اوورز میں آئوٹ ہوئے۔ وہ کیومنز کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ تیسری وکٹ 77 کے مجموعی اسکور پر حارث سہیل کی گری جو صرف ایک رن بنا کر ہمت ہار گئے، انہوں نے سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ پکڑایا۔ بابر اعظم بھی قوم کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور چوتھی ہی گیند پر ہیزل ووڈ کی گیند پر برنز کو کیچ تھما بیٹھے، انہوں نے ایک رن بنایا۔ افتخار احمد پاکستان کی جانب سے آئوٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے ،انہوں نے 7 رنز بنائے اور لیون کی گیند پر لیبوشگنے کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ 37 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے محمد رضوان امپائر کے متنازعہ فیصلے کی بھینٹ چڑھ گئے ، نو بال کے باوجود تھرڈ امپائر نے رضوان کو آئوٹ قرار دیا۔ یاسر شاہ نے 26 رنز کی مزاحمت کی وہ سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی پہلی ہی گیند پر سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے اور بغیر کوئی اسکور کئے واپس لوٹ گئے۔ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ نے 7 اسکور کئے ،سٹارک کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ عمران خان نے پانچ گیندیں کھیلیں مگر کوئی رن نہ بنایا، وہ ناقابل شکست رہے۔