Friday, May 10, 2024

براڈشیٹ معاملے پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے، سراج الحق

براڈشیٹ معاملے پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے، سراج الحق
January 16, 2021

لاہور (92 نیوز) امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے براڈشیٹ معاملے پر سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینےکا مطالبہ کردیا۔

منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کامیاب جبکہ 22 کروڑ عوام ناکام ہوگئے۔ مفاد پرست کرپٹ ٹولہ ملک تباہ کر رہا ہے۔ حکومت کے چاروں اطراف کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں جنہیں جیل میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا، پاکستان کو فلاحی و کرپشن فری ملک بنانا چاہتے ہیں، ایسی ریاست چاہتے ہیں ہر ایک کو علاج ملے اور کوئی بے روزگار نہ رہے۔ روٹی کپڑا اور مکان ہر شہری کو باعزت طریقے سے دی جائے۔

اُن کا کہنا تھا وزیر اعظم کہتے ہیں صبر کرو، سکون قبر میں ملے گا۔ ہمیں نااہل نظام کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے۔ سیاسی جماعتیں کرپٹ سرمایہ داروں کے جھتے ہیں، حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے اعلان کے باوجود کرپشن، مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ جو حکومت نو سو پچاس دن میں گند صاف نہیں کر سکتی وہ کرپشن کیسے صاف کرےگی۔

سراج الحق بولے کہ عمران خان نے فرمایا تھا کہ دو ہزار بیس خوشحالی کاسال ہوگا نوکریاں زیادہ ملیں گی۔ دو ہزار اکیس میں پٹرول، چینی، گھی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا۔ وزیر اعظم خوشحالی کی تعریف کریں کہ خوشحالی کس کو کہتے ہیں؟۔ غریب آدمی چالیس اقسام کے ٹیکسز دیتا ہے، دنیا میں پاکستان تماشہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا ملائیشیا نے ہمارے پی آئی اے کے جہاز کو پکڑا اور خوش ہیں دو سو چالیس سواریوں کو واپس کیا یہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی ہے۔  حکومت نے خود ہی جعلی پائلٹ کہہ کر پی آئی اے کو بدنام کیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا براڈ شیٹ پر قوم پریشان ہے، حکومت کہتی ہم کامیاب ہو گئے۔ براڈ شیٹ کیس میں اٹھائیس ملین ڈالر ضائع کیے۔ سپریم کورٹ سے اپیل کروں گا براڈ شیٹ پر سو موٹو ایکشن لے کر حقائق سے عوام کو آگاہ کرے۔