Saturday, May 11, 2024

براڈشیٹ انکوائری کمیشن ، کابینہ ڈویژن نے وفاقی سیکرٹری قانون کو خط لکھ دیا

براڈشیٹ انکوائری کمیشن ، کابینہ ڈویژن نے وفاقی سیکرٹری قانون کو خط لکھ دیا
February 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) براڈشیٹ انکوائری کمیشن کے معاملے پر کابینہ ڈویژن نے وفاقی سیکرٹری قانون کو خط لکھ دیا۔

خط میں کہا گیا کہ وزارت قانون براڈشیٹ کمیشن کیلئے دفتر اور فنڈز فراہم کرے۔ وزارت قانون براڈشیٹ کمیشن کو متعلقہ ریکارڈ فراہم کرے اور براڈ شیٹ کمیشن کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

 ادھر وفاقی کابینہ نے براڈشیٹ پر تحقیقاتی کمیٹی کو ایک رکنی انکوائری کمیشن میں تبدیل کر دیا۔ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید تحقیقات کرکے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کریں گے۔

دوسری طرف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے براڈ شیٹ کے معاملے پر حکومت کی تحقیقاتی کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا پاکستان کا 5 سے 7 ارب روپیہ ڈوب گیا اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے اکاؤنٹ میں فیصلہ آنے سے پہلے پیسہ کیوں ٹرانسفر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹی کسی فرد کو طلب نہیں کر رہی۔ ہم چیرمین نیب کو بطور ادارے کے سربراہ اس معاملے پر اپنی سہولت کے لیے بلا رہے ہیں۔ جنہیں شہزاد اکبر سمیت آنا پڑے گا اور اگر یہ مسئلہ حل نا ہوا تو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر مشاورت کے بعد سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائیگا۔

رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان کا کہنا تھا چیئرمین سینیٹ براڈشیٹ کے معاملہ پر کمیٹی آف ہول کا اجلاس بلائیں۔