Monday, May 13, 2024

براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف ، رپورٹ

براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف ، رپورٹ
March 22, 2021

اسلام اباد (92 نیوز) براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف سامنے آ گیا۔ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق براڈشیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر رقم کی غلط ادائیگی کی گئی۔

براڈ شیٹ انکوائری کمیشن رپورٹ وزیراعظم آفس موصول ہو گئی۔  رپورٹ اور متعقلہ ریکارڈ 500 صفحات پر مشتمل ہے۔ کمیشن نے مجموعی طور پر 26 گواہان کے بیان ریکارڈ کیے۔ ذرائع کے مطابق ایک سابق خاتون لیگل کنسلٹنٹ طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔ کمیشن نے تحقیقات مقررہ وقت سے پہلے مکمل  کر لیں۔

رپورٹ میں براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔ رپورٹ کے مطابق براڈشیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر رقم کی غلط ادائیگی کی گئی۔ غلط شخص کو ادائیگی ریاست پاکستان کے ساتھ دھوکہ ہے۔ ادائیگی کو صرف بے احتیاطی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ وزارت خزانہ، قانون، اٹارنی جنرل آفس سے فائلیں چوری ہو گئیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے بھی ادائیگی کی فائل سے اندراج کا حصہ غائب ہوگیا ہے۔ براڈشیٹ کمیشن کو تمام تفصیلات نیب کی دستاویزات سے ملیں ہیں۔

براڈ شیٹ کیس کی تحقیقات کے لیے 29 جنوری کو کمیشن قائم  کیا گیا تھا جس نے چھ ہفتوں کے دوران اپنی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنا تھی۔ کمیشن تحقیقات کا باضابطہ آغاز 9 فروری 2021 کو کیا۔ اپوزیشن نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کی سربراہی میں بننے والے کمیشن کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔