Friday, May 17, 2024

براڈ شیٹ رپورٹ کی بنیاد پر آصف زرداری کیخلاف کیس کھولا جاسکتا ہے، فواد چودھری

براڈ شیٹ رپورٹ کی بنیاد پر آصف زرداری کیخلاف کیس کھولا جاسکتا ہے، فواد چودھری
April 1, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے براڈ شیٹ کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ پر کارروائی کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے براڈ شیٹ رپورٹ کی بنیاد پر آصف زرداری کے خلاف کیس کھولنے کا عندیہ دیدیا۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کابینہ اجلاس پر میڈیا بریفنگ میں براڈ شیٹ رپورٹ کی بنیاد پر آصف زرداری کے خلاف کیس کھولنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ براڈ شیٹ کمیشن نے سوئس اکاؤنٹ کا اوریجنل ڈیٹا فراہم کردیا، حکومت نے براڈ شیٹ میں نامزد پانچ افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے، احمر بلال، حسن ثاقب، غلام رسول، عبدالباسط، شاہد علی بیگ کے خلاف کریمنل کارروائی کی منظوری دے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی نے وزیراعظم سے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جواب میں وزیراعظم نے خط لکھا توانہوں نے کشمیر کے ایشو کو اوپر رکھا۔ عمران خان کے ہوتے ہوئے کشمیر کا سودا کوئی نہیں کر سکتا۔ بھارت سے تعلقات کی بحالی کیلئےمسئلہ کشمیرکاحل کلیدی اہمیت کاحامل ہے۔ ہمارا مؤقف یہی ہے کہ بھارت کو 5 اگست کی پوزیشن پر جانا ہوگا۔ جب تک بھارت 5 اگست 2019 کے اقدامات پر نظرثانی نہیں کرتا تعلقات معمول پر لانا ممکن نہیں۔

وفاقی وزیر بولے کہ میڈیا پر بھارت سے چینی درآمد کرنے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، چینی اور کپاس بھارت سے منگوانے کی بات ای سی سی میں ہوئی تھی، جبکہ کسی بھی فیصلے کی منظوری ای سی سی نہیں کابینہ دیتی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کٹاس راج مندر کا انتظام اویکیو ٹرسٹ کے حوالے کر دیا ہے، انجنئیر مقصود انور کو ممبر نیپرا خیبر پختونخواہ تعینات کیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس میں اصلاحات کی منظوری دی گئی ہے، اسلام آباد کے تمام تھانوں کو براہ راست فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب ایس ایچ او اپنے ہاتھ سے تمام فنڈز خرچ کر سکے گا۔

اپوزیشن کے حوالے سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ ’’ اللہ خیر کرے مریم نواز کی خاموشی کوئی بات تو نہیں ہے ‘‘۔