Sunday, May 5, 2024

برازیلین صدر ڈلما روسیف کے مواخذے کی تحریک منظور‘ عہدہ چھوڑ دیا

برازیلین صدر ڈلما روسیف کے مواخذے کی تحریک منظور‘ عہدہ چھوڑ دیا
May 12, 2016
ریوڈی جنیریو (ویب ڈیسک) برازیلین سینیٹ نے صدر ڈلما روسیف کے خلاف مواخذے کی تحریک کثرت رائے سے منظور کرلی جس کے بعد وہ صدارت کے عہدے سے معطل ہو گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق برازیلین صدر ڈلما روسیف پر 2014ءمیں بجٹ خسارے کو غیرقانونی طور پر چھپا کر انتخابی مہم میں اس رقم سے فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ برازیلی سینیٹ میں صدر کے مواخذے کیلئے تحریک پیش کرنے پر بحث 22 گھنٹے جاری رہی۔ بعدازاں مواخذے کی تحریک کیلئے رائے شماری ہوئی جس کے حق میں 55 اور مخالفت میں 22 ووٹ آئے۔ یوں ان کے مواخذے کیلئے تحریک کثرت رائے سے منظور ہوئی۔ قبل ازیں برازیلین سپریم کورٹ نے صدر کی سینیٹ میں تحریک مواخذہ کو روکنے کی درخواست خارج کر دی تھی۔ تحریک کی منظوری کے بعد نائب صدر مچل تمر عبوری طور پر صدر بن گئے ہیں۔ صدر ڈلما روسیف کے حامی خبر سنتے ہی سینیٹ کے باہر جمع ہو گئے اور احتجاج کیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق برازیلین صدر کا ٹرائل 180 دن تک جاری رہ سکتا ہے۔ رواں سال 5اگست سے برازیل میں اولمپکس گیمز بھی منعقد ہونگی جس کا مطلب ہے کہ اس اہم ترین ایونٹ کے موقع پر ملک کے اہم عہدے پر فائز شخصیت معطل کی سزا بھگتے گی۔